بھٹکل:24؍ڈسمبر (ایس او نیوز) انجمن حامئی مسلمین ، بھٹکل کاایک تاج ہے ، یہاں موجود طالبات خود اس کی گواہی دے رہی ہیں کہ اسی دارے کی تعلیمی کاوشوں نے بھٹکل کو روشنی بخشی ہے۔ ان خیالات کااظہار عمان ہیلٹھ منسٹری میں خدمات انجام دینے والی تجربہ کار ڈاکٹر محترمہ وسیمہ ایوب نےکیا۔
وہ یہاں24ڈسمبر 2018بروز پیر کو خدیجہ سیدعلی کیمپس میں منعقدہ انجمن پی یوکالج فارویمن کے سالانہ جلسے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہی تھیں۔ موصوفہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایک لڑکے کی تعلیم اس کی ذات کی حد تک رہتی ہے مگر ایک لڑکی کی تعلیم پورے ملک کو تعلیم یافتہ بنانے کے مترادف ہے۔ انہوں نےفخریہ کلمات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب انجمن کی لڑکیاں یونیورسٹی میں رینک حاصل کرتی ہیں تو ساری دنیا میں بسے اہل بھٹکل کا سر فخر سے اونچا ہوتاہے اور قوی امید بھی ہے کہ ہماری طالبات کٹھن محنت کے ذریعے یہ سلسلہ جاری رکھیں گی۔
مہمان ِاعزازی محترمہ ضحیٰ نائطے زبیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ جب بھٹکل میں علمی تاریکی تھی اس وقت انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے ذریعے علم کی جو شمع جلائی گئی تھی آج سوبرس کے بعد وہ تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت سے درج ہونے کو ہے۔ خاص کر اس موقع پر بانیان انجمن کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائےگا۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم حاصل کرنے کا مقصد صرف جاب نہیں بلکہ خود کو بدل کر دنیا کو بدلنا اہم مقصد ہے۔
اور ایک اعزازی مہمان لرننگ وتھ ڈفرنس کی بانی ڈائرکٹر محترمہ سعدیہ زرین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ترقی کا دوسرا نام ہے، انہوں نے صلاحیت کو پروان چڑھانےکا اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نےکہاکہ مثبت سوچ ہمیں اپنی شخصیت کو حسین بناتی ہے۔ اس موقع پر موصوفہ نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنے والدین کو ایسا موقع فراہم کریں کہ وہ اپنی اولاد پر فخر کرسکیں۔ کئی میدان ہیں جن میں ہماری طالبات کو آگے بڑھنا ہے۔ ہمیں اپنے علم کے ذریعے صرف ہمیں نہیں بلکہ ہر ایک کو فائدہ پہنچانا مقصود ہو۔ انجمن زنانہ مشاورتی کمیٹی کی ممبرمحترمہ سمینہ سعدا نے جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے اپنے زرین خیالات سے نوازا۔
جلسہ کا آغاز زلفہ کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ مشفقہ نے ترجمہ پیش کیا۔ تنزیل معلم نے ہدیہ نعت اور پی یو سال اول کی طالبات نے ترانہ انجمن پیش کیا۔ پروفیسر شریا نے استقبال اور مہمانوں کا تعارف کرایا۔ کالج پرنسپال ڈاکٹر فرزانہ محتشم نے کالج رپورٹ کی خواندگی کی۔ پروفیسر غزالہ نے شکریہ اداکیا۔ پروفیسر نورجہاں اور پروفیسرفاطمہ مہناز اکرمی نے ثقافتی پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
جلسے میں ہونہار، ثقافتی و کھیل مقابلوں میں جیت حاصل کرنےو الی طالبات کو تمغات اور اسناد سے نوازاگیا ۔ڈائس پر وگرام کے بعد طالبات کی طرف سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ ڈائس پر انجمن صد سالہ جشن زنانہ کمیٹی کی کنونیر سیمہ قاسمجی ، نائب پرنسپال طالعہ معلم وغیرہ موجود تھے۔